1538669_1413968058841337_702384089_nگلگت  میں سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے زیراہتمام محسن انسانیت، رحمۃ للعالمین حضرت رسول خدا (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کا جشن میلاد انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ گلگت بلتستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا جشن میلاد تھا جو سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین نے پاکستان میں اکھٹے منایا۔ جشن میلاد کے موقع پر وحدت ملت اسلامیہ کا عظیم مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ جشن میلاد کے پرنور پروگرام میں علمائے کرام، دانشور حضرات، شعراء اور خوش الحان نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ جشن میلاد کے اس پرنور پروگرام میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین جناب صاحبزادہ حامد رضا خان نے اپنے ٹیلیفونک خطاب کے دوران ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے وحدت اسلامیہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی وحدت کے ذریعے اس ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیں گے۔ دشمن چاہتا ہے کہ وہ سنی شیعہ کے درمیان تفریق ڈال کر اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دے لیکن یہ یاد رہے کہ سنی اتحاد کونسل اور وحدت مسلمین نے اس ملک کے دشمنوں کے ساتھ مشترکہ اور بھرپور جنگ لڑنے کا عزم مصمم کیا ہے۔ دشمنوں کی خواہش تھی کہ عزاداری اور میلاد کے جلسوں پر پابندی ہو مگر عاشقان مصطفٰی نے پورے ملک میں نبی مرسل سے اپنے عشق کا عملی مظاہر ہ کرکے دہشت گردوں کو یہ پیغام دیدیا کہ وہ مٹھی بھر دہشت گردوں سے ڈرنے والے نہیں اور رسول کی غلامی میں موت کو سینے سے لگانے کیلئے ہمہ وقت تیار و آمادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لبیک یا حسین اور لبیک یا رسول اللہ کے فلک شغاف نعروں کی گونج نے دہشت گردوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں اور انشاءاللہ وہ دن دور نہیں کہ نور رسالت کے پروانے پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنا دیں گے۔

 

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے سنی اتحاد کونسل کو جشن میلاد کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل جہاں کہیں بھی اپنے پروگراموں میں دعوت دیں ہم اپنی شرکت کو بھرپور انداز میں یقینی بنائیں اور باہمی اتحاد کے ذریعے ملک سے دہشت گردوں اور باطل گروہوں کا خاتمہ کردیں گے۔ جشن میلاد کے اس عظیم الشان جلسے سے وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنرل شیخ محمد بلال سمائری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقاء شیعہ سنی اتحاد میں مضمر ہے اور عاشقان مصطفٰی نے محفل میلاد کا انعقاد کرکے حقیقی معنوں میں عاشقان رسول ہونے کا عملی مظاہرہ کیا۔ سنی اتحاد کونسل گلگت بلتستان کے کوارڈینیٹر صاحبزادہ منظور احمد قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید میلاد النبی منانا قران و حدیث اور صحابہ کرام کی سیرت سے ثابت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام کی ذات مبارک مسلمانوں کے اتحاد کا مرکز و محور ہے۔ ہم اس میلاد کو ہر صورت میں مناتے رہیں گے چاہے کروڑوں جانوں کی بھی قربانی دینی پڑے۔ جشن میلاد کے اختتام پر شیعہ سنی علمائے کرام نامعلوم دہشت گردوں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے نوجوان ظفر اقبال کے خانوادوں سے اظہار تعزیت کیلئے ان کے گھر تشریف لے گئے۔ ظفر اقبال شہید کے خانوادوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

Admin ApnaGilgitNews
گلگت  میں سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے زیراہتمام محسن انسانیت، رحمۃ للعالمین حضرت رسول خدا (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کا جشن میلاد انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ گلگت بلتستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا جشن میلاد...